19 اکتوبر 2026 - 16:37
معاریو: صیہونی ریاست کو فوجی طاقت بڑھانے کے لیے مالی وسائل کی کمی کا سامنا

عبرانی اخبار معاریو نے بنیامین نیتن یاہو کے آئندہ برسوں کے لیے پیش کردہ سکیورٹی منصوبے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ 7 اکتوبر کی ناکامی نے صیہونی ریاست کی دفاعی کمزوری، دشمن کو روکنے کی صلاحیت کے فقدان اور بروقت خطرے کا اندازہ لگانے میں ناکامی کو بے نقاب کردیا، جبکہ اب اسے فوجی سازوسامان خریدنے کے لیے بجٹ کی کمی کا بھی سامنا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، عبرانی اخبار معاریو نے صیہونی ریاست کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے آئندہ برسوں کے سکیورٹی منصوبے پر تنقید کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اگر وہ اس دستاویز کو کسی یونیورسٹی کے مضمون میں تحقیقی مقالے کے طور پر پیش کرتے تو مصنوعی ذہانت سے نقل کرنے کے شبہے میں ان کا معاملہ تادیبی کمیٹی کو بھیج دیا جاتا۔

اخبار نے مزید لکھا کہ اس منصوبے میں بیان کیے گئے تمام اصول محض عمومی عنوانات ہیں اور اس بارے میں شکوک پائے جاتے ہیں کہ نیتن یاہو انہیں صیہونی ریاست کے سکیورٹی ڈھانچے میں عملی شکل دینے کی کتنی صلاحیت رکھتے ہیں۔

معاریو نے اس بات پر بھی زور دیا کہ 7 اکتوبر کی ناکامی نے ثابت کردیا کہ صیہونی ریاست نہ دشمن کو حملے سے روکنے کی مؤثر صلاحیت رکھتی تھی اور نہ ہی اسے خطرے کے بارے میں بروقت انتباہ ملا۔ اس کے علاوہ، پہل کرنے اور حالات کا تنقیدی جائزہ لینے کا فقدان بھی نمایاں ہوا۔

صیہونی ریاست کی فوجی طاقت بڑھانے کے معاملے پر اخبار نے لکھا کہ اسے اس وقت بجٹ خسارے کا سامنا ہے اور فوجی سازوسامان و نظام خریدنے کے لیے دستیاب مالی وسائل ختم ہوچکے ہیں۔ ان میں جنگی طیارے، فضائی ایندھن بھرنے والے طیارے، حملہ آور ہیلی کاپٹر اور فوجی نقل و حمل کے ہیلی کاپٹر شامل ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha